عوامی خدمت اور شہری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران پلس پروگرام کی پیش رفت، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا، ریونیو خدمات کی بہتری، واسا جہلم کے تحت مین ہولز کی کورنگ، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، سُتھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی اور جاری بیوٹیفیکیشن سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور ترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

اس موقع پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں کے اطراف زیبرا کراسنگز کی تنصیب، طلبہ کی محفوظ آمدورفت اور ٹریفک انتظامات سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ طلبہ کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں تاکہ تعلیمی اداروں کے اطراف محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ مختلف محکموں کی کارکردگی کے کلیدی اشاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو اہداف کے بروقت حصول کے لیے مزید متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت، بہتر طرز حکمرانی اور شہری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ باہمی تعاون، مؤثر رابطوں اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے حکومتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع جہلم میں ترقیاتی منصوبوں، عوامی خدمات اور شہری سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ادارے مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button