جہلم میں مہنگائی عروج پر! ٹماٹر 600 روپے کلو، سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے باہر

جہلم شہر اور گردونواح میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں مکمل طور پر کنٹرول سے باہر ہو گئیں جبکہ ٹماٹر کی قیمت 500 سے 600 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخ نامے صرف کاغذوں تک محدود دکھائی دے رہے ہیں۔

شہریوں کے مطابق مارکیٹ میں آلو 80 روپے کی بجائے 100 روپے، پیاز 85 کی بجائے 150 روپے، لہسن 220 کی بجائے 300 روپے اور ادرک 640 کی بجائے 680 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح مٹر 390 کی جگہ 600، کریلا 150 کی بجائے 220، ٹینڈے 200 کی جگہ 240، میتھی 180 کی بجائے 250، اور گرما 170 کی بجائے 200 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔

پھلوں کی قیمتیں بھی عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن گئیں — انگور 270 کی بجائے 400 روپے، امرود 240 کی بجائے 300، سیب 180 کی بجائے 400 روپے جبکہ کیلا 100 کے بجائے 150 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہا ہے۔

صرف سبزیاں ہی نہیں، گوشت اور نان روٹی کی قیمتیں بھی قابو سے باہر ہیں۔ بکرے کا گوشت 1600 کی بجائے 2200 روپے فی کلو، گائے کا گوشت 800 کی بجائے 1200 روپے فی کلو، روٹی 14 کی بجائے 20 روپے اور نان 20 کی بجائے 25 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے فوری نوٹس لینے اور مہنگائی میں ملوث دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button