یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند، تمام سرگرمیاں معطل

جہلم سمیت ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز سے متعلقہ ذمہ داران نے آپریشن معطل کرنے کے احکامات کی تصدیق کرتے ہوئے ادارے کی تمام سرگرمیوں کو فوری طور پر روک دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جہلم سمیت تمام شہروں میں قائم یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خورونوش اور دیگر سامان کی خرید و فروخت کا عمل مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام اسٹورز سے دستیاب سامان کو مرحلہ وار ویئر ہاؤسز منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادارے کے مرکزی نظام ای آر پی (ERP) کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی سرگرمیاں عملی طور پر غیر فعال ہو گئی ہیں۔
اس اچانک بندش سے صارفین میں شدید بے چینی پیدا ہو گئی ہے، جو کم قیمت اور سبسڈی والے سامان کی خریداری کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز پر انحصار کرتے تھے۔
شہری حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ حکومت فوری طور پر اس فیصلے کی وضاحت کرے اور عوامی مفاد میں متبادل انتظامات کیے جائیں۔



