پنجاب بھر کی طرح گرینڈ ٹیچرز الائنس کا جہلم کے تمام سکولوں میں تعلیمی بائیکاٹ کا اعلان

جہلم: سرکاری سکولوں کی نجکاری کے خلاف پنجاب کی تمام اساتذہ تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم گرینڈ ٹیچرزالائنس پنجاب کے فیصلہ کے پیروی کرتے ہوئے ضلع جہلم کی تمام اساتذہ تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم گرینڈ ٹیچرزالائنس جہلم نے ضلع بھرکے تمام گرلزاوربوائزسکولوں میں تعلیمی بائیکاٹ کااعلان کردیا ہے۔ اس اعلان کے مطابق جہلم کے تمام سکولوں میں طلباء و طالبات حاضر نہیں ہوں گے اوراساتذہ کرام سکولوں میں حاضر رہ کر احتجاج کریں گے۔اس دوران وہ کسی طرح کی تعلیمی سرگرمی نہیں کریں گے۔
ان خیالات کااظہار گرینڈ ٹیچرزالائنس جہلم کے ضلعی کنوینرمحمدافضل میراوران کے ساتھ دیگر اساتذہ رہنماؤں نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کیا۔ دیگراساتذہ رہنماؤں میں چودھری وحید حیدر، راجہ محمد زبیر، اظہر سلطان ملک، احسان الٰہی شاکر، چودھری راشد محمود، راجہ وسیم جنجوعہ، قاضی مطیع الرحمان، محمدانورسہیل، چودھری افضال محمود، ملک سعیداختر، مبشرعباس شاہد، محمدرفیع راجپوت، شاہد سکندرمرزا، انزک محمود، چودھری مرتضیٰ عثمانی، سید حسن شاہ، سید تنویر عباس، جواد حسین، سید وقاراکبر کاظمی، محمد اشفاق حیدر، چودھری محمد شبیراورمنظور حسین نظامی شامل تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سکولوں میں تعلیمی بائیکاٹ نہیں کرنا چاہتے تھے مگر موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہٹ دھرمی اور پنجاب کے 8 ہزار 863 سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کرنے اورعنقریب دوسرے مرحلے میں 7ہزارایک سو 37سکولوں کی نجکاری پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس انتہائی قدم پر جانے سے پہلے 11ستمبرکو پنجاب بھرکے تمام اضلاع میں پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے۔اس کے بعد پنجاب کی تمام ڈویژنوں میں مظاہرے کرنے کے بعد26ستمبر کو لاہور میں پنجاب بھرکی تمام اساتذہ تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم گرینڈ ٹیچرزالائنس پنجاب نے مرکزی مظاہرہ بھی کیا مگر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے کسی طرح کے کوئی مذاکرات کی پیشکش نہ کی۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے ان کی اس ہٹ دھرمی کے نتیجے میں گرینڈ ٹیچرزالائنس پنجاب کے مرکزی کنوینر چودھری محمد بشیر وڑائچ نے پنجاب بھرکے تمام سکولوں میں تعلیمی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔اس لیے ہم ان کے اس فیصلے کی پیروی کرتے ہوئے اس وقت تک اپنا یہ احتجاج اور تعلیمی بائیکاٹ جاری رکھیں گے جب تک پنجاب کے سرکاری سکولوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لینے اور ہمارے دیگر مطالبات منظور کرنے کا اعلان نہیں کیا جاتا۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



