ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کمیٹی جہلم کا اجلاس، طبی سہولیات اور سروس ڈیلیوری میں بہتری کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

جہلم: ضلع بھر میں طبی سہولیات اور صحت کے شعبے میں سروس ڈیلیوری کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم میں ڈپٹی کمشنر جہلم و چیئرمین ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کمیٹی میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میاں مظہر حیات، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈاکٹر زاہد تنویر، مخیر شخصیات ادریس خلیل، فرحت کمال ضیاء اور ساجد امین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت ضلع بھر کے صحت کے اداروں میں دستیاب طبی سہولیات، مریضوں کی فلاح و بہبود، سروس ڈیلیوری اور صحت کے شعبے سے متعلق مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال، مریضوں کو بروقت طبی خدمات کی فراہمی اور ہسپتال میں عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں صحت کے اداروں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے اور مریضوں کو درپیش مسائل کے بروقت حل کے حوالے سے بھی امور زیرِ غور آئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم و چیئرمین ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کمیٹی میر رضا اوزگن نے مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صحت کے اداروں میں سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جائے، عوامی سہولت کو ترجیح دی جائے اور باہمی رابطے کے ذریعے صحت سے متعلق معاملات کو مؤثر انداز میں حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو طبی سہولیات کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



