مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے جہلم میں چار روزہ قومی پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

جہلم: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کی چار روزہ قومی مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ جہلم ڈاکٹر میاں مظہر حیات، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جہلم ڈاکٹر جواد ڈار، سرویلنس آفیسر ڈاکٹر مسعود منور، عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان اور محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر مشیر صحت پنجاب نے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی 2 فروری سے 5 فروری تک جاری رہے گی، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ انہیں اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔

محکمہ صحت کے مطابق اس مہم کے دوران ضلع جہلم میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع کی 56 یونین کونسلز میں مجموعی طور پر 1192 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 1094 موبائل ٹیمیں، 74 فکسڈ ٹیمیں اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، جو گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گی۔

مشیر صحت پنجاب نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت ہمہ وقت متحرک ہیں جبکہ عوام کے تعاون کے بغیر اس مہم کی کامیابی ممکن نہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button