کرایوں میں خودساختہ اضافہ برداشت نہیں ہوگا۔ ڈی پی او شفیق احمد چوہدری، سنیہ صافی

جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے پیش نظر کرایوں کے تعین اور عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کی۔

اجلاس میں سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) جہلم، ٹرانسپورٹرز اور اڈا منیجرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر کرایوں کے تعین، حکومتی نرخنامے اور عوامی سہولت سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے واضح کیا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ہرگز عوامی استحصال کا جواز نہیں بن سکتا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام لاری اڈوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایہ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے جائیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و آر ٹی اے عملہ فیلڈ میں مکمل متحرک رہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ مشترکہ طور پر مانیٹرنگ کریں گے تاکہ کرایوں میں خودساختہ اضافہ روکا جا سکے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ مقررہ کرایوں سے زائد وصولی سے گریز کریں اور حکومتی نرخنامے کی مکمل پابندی کریں۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹرز نے اپنے تحفظات بھی پیش کیے، جن کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔

حکام نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور اوورچارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ عوامی سہولت اور انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button