دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے دو نو جوان دوست ڈوب گئے، ایک کی لاش مل گئی

جہلم: دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے دو نو جوان دوست ڈوب گئے، ایک نوجوان کی لاش کو دریا سے نکال لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے دو نوجوان دوست ڈوب گئے۔ واقعہ جہلم میں باغ محلہ کے قریب پرانے پل کے مقام پر پیش آیا جہاں دونوں لڑکے نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ڈوبنے والے نوجوانوں کی شناخت 17 سالہ محتسم ولد عبدالجلیل اور 18 سالہ مسعود ولد شاہ محمود کے طور پر ہوئی ہے، دونوں کا تعلق چترال سے ہے اور جہلم میں دینی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مقیم تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق نہاتے ہوئے ایک نوجوان گہرے پانی میں چلا گیا، دوسرا اسے بچانے کے لیے پیچھے گیا، تاہم دونوں پانی کی تیز لہروں کی نذر ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 18 سالہ مسعود کی لاش کو دریائے جہلم سے نکال لیا گیا ہے جبکہ 17 سالہ محتسم کی تلاش کے لیے ریسکیو کے غوطہ خور تاحال آپریشن میں مصروف ہیں۔



