کنزیومر کورٹ کا لیپرڈ کورئیر کو ناقص سروس پر 50 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

جہلم: کنزیومر کورٹ نے لیپرڈ کورئیر کمپنی کو ناقص سروس مہیا کرنے اور قیمتی سامان کو نقصان پہنچانے پر درخواست گزار کو 50 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے رہائشی انیق احمد عابد نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ اس نے قیمتی سامان لیپرڈ کورئیر کے ذریعے بھیجا، لیکن کمپنی کی ناقص سروس کے باعث سامان کو دوران ترسیل شدید نقصان پہنچا۔

عدالت نے شواہد اور دلائل کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ کورئیر کمپنی اپنی ذمہ داری پوری کرنے اور سامان کی حفاظت یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے، جس پر لیپرڈ کورئیر کو متاثرہ شہری کو 50 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

یاد رہے کہ پنجاب کنزیومر پروٹیکشن (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے تحت اب ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور ایڈیشنل سیشن ججز کو کنزیومر کورٹ کے اختیارات تفویض کیے جا چکے ہیں۔ اسی بنیاد پر گجرات کنزیومر کورٹ سے ضلع جہلم کے 12 مقدمات منتقل ہوئے تھے، جن میں سے 9 مقدمات صرف ایک ماہ میں نمٹائے گئے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج/جج کنزیومر کورٹ جہلم گلزار احمد خالد کی زیر نگرانی فوری انصاف کی فراہمی کی اس مثال کو وکلاء اور صارفین نے خوب سراہا اور ضلعی سطح پر مقدمات کے فیصلے کو عوام دوست اقدام قرار دیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کنزیومر کورٹس کا ضلعی سطح پر قیام صارفین کے حقوق کے تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button