جہلم پولیس کی بروقت کارروائی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے 13 سالہ گمشدہ بچی بحفاظت تلاش کر لی

جہلم: ایمرجنسی 15 کی کال پر جہلم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے 13 سالہ گمشدہ بچی کو بحفاظت تلاش کر لیا اور بعد ازاں بچی کو اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ سول لائنز پولیس کو ایمرجنسی 15 پر 13 سالہ بچی کے گمشدہ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی شروع کر دی۔
پولیس ٹیم نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بچی کی تلاش کا آغاز کیا اور مختلف مقامات کی نگرانی کرتے ہوئے قلیل وقت میں بچی کو بحفاظت تلاش کر لیا۔ پولیس نے بچی کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
بچی کی بحفاظت واپسی پر لواحقین نے جہلم پولیس کی بروقت کارروائی پر اظہارِ تشکر کیا اور پولیس ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات اور ہنگامی کالز پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔



