جہلم شہر کی خوبصورتی اور عوامی سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، علیزہ ریحان

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان نے شاندار چوک کا دورہ کر کے صفائی کے انتظامات اور واش رومز کی تزئین و آرائش کے جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مرمتی کام کی رفتار اور معیار کو مانیٹر کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مقامات کی بروقت بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علیزہ ریحان نے بلدیہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ واش رومز کے بیرونی حصے میں پختہ ٹف ٹائلز اور پیورز نصب کیے جائیں تاکہ کام پائیدار اور دیرپا ہو۔ انہوں نے افرادی قوت میں اضافہ کر کے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی تاکید کی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کے مرکزی چوکوں کی خوبصورتی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی ہدایات کے تحت صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور ترقیاتی منصوبوں کو شفاف انداز میں مکمل کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کام مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔



