سندھ طاس معاہدے کی معطلی بھارت کی آبی دہشت گردی ہے، چوہدری عابد محمود

جہلم: چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ دہشت گردی بھارتی حکومت کی ایک اور ناپاک سازش ہے، جس کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا ہے۔ ملک بھر کی صحافی برادری اس بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کے سرپرست اعلیٰ انیس الرحمٰن بٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عابد محمود کا کہنا تھا کہ بھارت بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے تاکہ وہ اپنے اندرونی خلفشار، عوامی بغاوت اور معاشی بدحالی سے دنیا کی توجہ ہٹا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کا وقت انتہائی سوچ سمجھ کر چنا گیا تاکہ اس واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کیا جا سکے۔ اس حملے کے ذریعے بھارت نے ایک بار پھر مذہبی کارڈ کھیلنے کی کوشش کی ہے، جس سے بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی زندگی مزید اجیرن بنائی جا رہی ہے۔
چوہدری عابد محمود نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنا بھارت کی آبی دہشت گردی ہے، اور مودی حکومت کو کسی بھی قسم کے ایڈونچر کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمہ وقت ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، اور پوری قوم، بشمول صحافی برادری، اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ بھارت اس سے قبل بھی کئی بار اپنے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کروا کر ان کا الزام پاکستان پر لگا چکا ہے، اور یہ چالیں اب دنیا کی نظر میں بے نقاب ہو چکی ہیں۔
چوہدری عابد محمود نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت نہ صرف پاکستان بلکہ کینیڈا، امریکہ اور دیگر ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل میں بھی ملوث ہے، جبکہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں براہ راست ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت منفی پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، مگر حقیقت دنیا کے سامنے آ چکی ہے۔ پاکستانی عوام اور صحافی برادری دشمن کے ہر جھوٹ اور چال کو بے نقاب کرتی رہے گی۔



