گرمی، خشک سالی، گردوغبار اور دھول مٹی مختلف امراض کا سبب بن رہی ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: معروف سماجی رہنما سید خلیل حسین کاظمی نے شدید گرمی اور خشک سالی کے باعث جہلم شہر میں بڑھتے ہوئے گرد و غبار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں پر اڑنے والی دھول مٹی سانس اور گلے کی بیماریوں کا سبب بن رہی ہے، جس سے بچے، بزرگ اور بالخصوص طلبہ و طالبات متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے اندرون شہر سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ نہ ہونے کے باعث صبح اور چھٹی کے اوقات میں سکولوں سے واپسی پر معصوم بچے گرد و غبار میں لپٹے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں کو جانے والے راستوں پر روزانہ کی بنیاد پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ ٹریفک سے اٹھنے والے غبار سے بچوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے سڑکوں کی صفائی اور مرمت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، انہیں فوری طور پر مرمت کیا جائے تاکہ شہری گرد و غبار سے بچ سکیں۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ پاکستان موسمیاتی خطرات کے لحاظ سے دنیا کے آٹھویں نمبر پر ہے، اس لیے ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے ماحول دوست رویوں کو فروغ دینے اور درخت لگانے پر زور دیا اور کہا کہ ہر فرد کو ماحول دشمن سرگرمیوں کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔



