دینہ میں موٹر سائیکل چوری روکنے کیلئے پولیس کا انوکھا اقدام، درجنوں موٹر سائیکل پنکچر کر دیے

دینہ پولیس کی جانب سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے اپنائی گئی انوکھی منطق شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی۔

دینہ میں جی ٹی روڈ پر قائم پبلک پارکنگ میں خریداری کیلئے آنے والے شہریوں، دکانداروں اور ملازمین کے درجنوں موٹر سائیکل پنکچر کر دیے گئے، جس پر متاثرہ افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تھانہ دینہ پولیس نے جی ٹی روڈ پر کھڑے ان موٹر سائیکلوں کے ٹائر تیز دھار آلے سے پنکچر کر دیے جنہیں لاک نہیں کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کو موٹر سائیکل پنکچر کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

متاثرہ شہریوں، دکانداروں اور دور دراز علاقوں سے آنے والے ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل چوری روکنے کیلئے شہریوں کو نقصان پہنچانا کہاں کا انصاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کم تنخواہ والے ملازمین کیلئے ہزاروں روپے کا نقصان برداشت کرنا مشکل ہے۔

شہریوں نے سوال اٹھایا کہ کیا موٹر سائیکل چوری روکنے کا یہی طریقہ حکومت نے متعارف کروایا ہے یا یہ دینہ پولیس کی اپنی ایجاد ہے۔

دوسری جانب ایس ایچ او تھانہ دینہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے متعدد بار آگاہی مہم چلائی گئی لیکن شہری اپنے موٹر سائیکل لاک نہیں کرتے۔ ان کے مطابق جب موٹر سائیکل چوری ہو جاتا ہے تو الزام پولیس پر عائد کیا جاتا ہے، اسی لیے یہ اقدام کیا گیا تاکہ شہری اپنی چیزوں کی حفاظت کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button