القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے سے عمران خان کی سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، فواد چوہدری

جہلم: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے 190 ملین پاؤنڈز کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کا ملکی سیاست پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا بلکہ اس سے تلخیاں مزید بڑھیں گی، اس فیصلے سے عمران خان کی سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
احتساب عدالت کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کیس (القادر یونیورسٹی سوہاوہ/ القادر ٹرسٹ) میں سابق وزیراعظم عمران خان کو 14 اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائے جانے کے بعد فواد چوہدری نے ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران خان کا سیاسی قد اور بڑھے گا، ایسے فیصلوں کی کوئی حیثیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کان الٹا پکڑیں یا سیدھا عمران خان کے بغیر سیاسی استحکام ممکن نہیں، کیا ایسے فیصلوں سے مقبولیت کم کی جا سکتی ہے؟۔ فیصلے کے اثرات زیادہ دیر تک نہیں رہ پائیں گے اور پاکستان میں انصاف کا معیار بہتر نہیں ہے، جہاں بعض ججز آزادانہ فیصلے نہیں کرتے۔
فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ فیصلے کے بعد عمران خان کی سیاسی مقبولیت بڑھے گی یا کم ہوگی، تاہم ان کے مطابق اس فیصلے کے بعد عمران خان کے سیاسی قد کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عدالتوں کا عالمی سطح پر تاثر اچھا نہیں ہے اور یہ فیصلے عارضی طور پر تلخیاں بڑھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاست میں عمران خان کی شمولیت کے بغیر استحکام ممکن نہیں، اور ان فیصلوں یا سزاوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ججز سیاست سے بالاتر نہیں ہیں اور سیاست کے نیچے ہوتے ہیں۔ انہوں نے بھٹو کے فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ججز نے اس سے سبق نہیں سیکھا، اور موجودہ ججوں کو کنٹریکٹ پر ہائیر کرکے ایسے فیصلے لیے جا رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں جو بات چیت پس پردہ اور سامنے ہو رہی ہے، وہ کس طرح آگے بڑھے گی یہ دیکھنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے حلف اٹھانے کے قریب آنے اور جنوبی ایشیا کے لیے ان کی ٹیم کے انتخاب کو اہم قرار دیا۔



