جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز، افغان شہری اور اشتہاری مجرم سمیت متعدد ملزمان گرفتار

جہلم: دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں 15 مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 366 افراد، 144 گھروں جبکہ 10 بس اسٹینڈز اور ہوٹلوں کی چیکنگ کی گئی۔
دورانِ سرچ آپریشن ایک غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک اشتہاری مجرم سمیت ناجائز اسلحہ رکھنے والے 2 ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
پولیس کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔



