ترقی ٹول پلازہ کے قریب ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر، دو کمسن بھائی جاں بحق، والدہ زخمی

سوہاوہ میں ترقی ٹول پلازہ کے قریب ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے دو کمسن بھائی موقع پر جاں بحق جبکہ والدہ زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ترقی ٹول پلازہ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو کمسن بھائی جاں بحق جبکہ ان کی والدہ زخمی ہو گئیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک خاتون اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جہلم سے چکوال جا رہی تھیں۔ جب وہ ترقی ٹول پلازہ کے قریب پہنچے تو ایک تیز رفتار ٹرک نے عقب سے موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں دونوں بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی والدہ شدید زخمی ہو گئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سوہاوہ کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد جاں بحق بچوں کی میتوں اور زخمی خاتون کو تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 12 سالہ بحران تہان ولد محمد عارف اور 7 سالہ منصور ولد محمد عارف شامل ہیں۔ دونوں کمسن بچے غازی کالونی، سی ایم ایچ جہلم کے رہائشی تھے۔



