ضلع جہلم میں ڈاکو راج قائم، درجنوں شہری طلائی زیورات اور نقدی سے محروم

ضلع جہلم ڈاکو راج، شہری خوف و ہر اس میں مبتلا، ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری کے سامنے عوام ریت کی دیوار، ایلیٹ فورس، کوئیک رسپانس فورس ، محافظ سکوارڈ اور پولیس منظر نامے سے غائب، گلی محلوں میں ڈاکو راج قائم ہونے سے شہری حواس باختہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کے بیشتر علاقوں میں رات اور دن کے اوقات میں ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر موبائل فونز، نقدی اور قیمتی اشیاء سے شہریوں کو محروم کرنا شروع کررکھا ہے۔
چند روز قبل تھانہ جلالپور شریف کے علاقہ پنن وال میں سرشام ڈاکوؤں نے تاجر کی دکان میں داخل ہو کر اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے لوٹ لئے جبکہ ایک اور واردات میں اتھر تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے شہریوں سے جمع پونجی چھین لی۔
دو روز قبل تھانہ جلالپور شریف کی بغل میں تین نامعلوم ڈاکوؤں نے بیوہ خاتون کے گھر داخل ہو کر پانچ تولے طلائی زیورات اور قیمتی موبائل فونز چھین لئے اور دھمکی دی کہ اگر کسی قسم کی کارروائی کرنے کی جرات کی تو اس کا خمیازہ تمہیں بھگتنا پڑے گا۔
تھانہ کالا گجرا ں کے علاقہ جی ٹی روڈ جادہ کے مقام پر نواحی علاقہ کنتریلی کے 2 بھائی بینک سے لاکھوں روپے لے کر نکلے سڑک پر گھات لگائے ڈاکوؤں نے دونوں بھائیوں پر فائرنگ کرکے لاکھوں روپے چھین لئے۔
گزشتہ روز تھانہ کالا گجراں جی ٹی روڈ پھاٹک کے قریب دن دیہاڑے اسلحہ کی نوک پر ڈاکوؤں نے اصغر نامی شہری سے دو لاکھ روپے اور طلائی زیورات چھین لئے نان سٹاپ ڈکیتی کی وارداتوں کی وجہ سے جہلم کے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
شہریوں نے ضلع جہلم سے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور ، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں فرض شناس ، ایماندار افسران کو تعینات کیاجائے جو جرائم پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔



