سوہاوہ کے علاقہ ڈومیلی میں زمین کے تنازعہ پر فائرنگ، خاتون سمیت 6 افراد شدید زخمی


سوہاوہ کے علاقہ ڈومیلی میں زمین کے تنازعہ پر دو فریقین کے درمیان تصادم کے دوران فائرنگ، کلہاڑیوں اور ڈنڈوں کے وار سے ایک خاتون سمیت 6افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے تھانہ ڈومیلی کی حدود بھوجا موہڑہ (پدھری) میں زمین کے تنازعہ پر دوفریقین کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ تصادم کے دوران فائرنگ، کلہاڑیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال ہوا جس کے نتیجہ میں ایک خاتون سمیت چھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ملزمان نے خاتون کو ٹانگوں میں ٹریکٹر چلا کر زخمی کیا، ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرارگئے۔
زخمیوں میں 28 سالہ شمریز ولد معروف، 35 سالہ نعیم ولد ارشد، 28 سالہ عدیلہ زوجہ اعظم، 60 سالہ مقصود ولد محمد حسین، 17 سالہ نوید ولد صادق اور 60 سالہ ارشد ولد زمان شامل ہیں۔
مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ تھانہ ڈومیلی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرنے میں مصروف ہے، تمام زخمیوں کا تعلق ایک ہی گروپ سے ہے۔



