جہلم میں قرض اتارنے کیلئے ڈکیتی ظاہر کر کے کوریئر کمپنی کی رقم ہڑپنے والا ملازم ساتھی سمیت گرفتار

جہلم میں قرض اتارنے کیلئے ڈکیتی کا رنگ دے کر کورئیر کمپنی کی رقم ہڑپنے کی کوشش کرنے والے ملازم کو پولیس نے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دو دن قبل ہونے والی مبینہ ڈکیتی کے مقدمے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی جھوٹی واردات ظاہر کر کے امانت میں خیانت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ہتھیائی گئی رقم ایک لاکھ 40 ہزار روپے سمیت اے ٹی ایم کارڈ برآمد کر لیا۔
کالاگجراں کا رہائشی مدعی مقدمہ کامران قیصر ایک کوریئر سروس میں ملازم تھا، جس نے کمپنی کی رقم ہڑپ کرنے کے لیے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا اور تھانہ سٹی میں سرقہ بالجبر کا جھوٹا مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس نے مقدمے کی تفتیش کے دوران جدید سائنٹیفک طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کیا اور حقائق سامنے آنے پر اسے اپنے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔
تفتیش کے دوران ملزم کامران قیصر نے اعتراف کیا کہ اس نے قرض اتارنے کی غرض سے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر یہ جعلی واردات کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور قانون سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



