عید الفطر کی چھٹیوں سے ایک روز قبل ہی سرکاری ہسپتال میں پردیسی ڈاکٹرز غیر حاضر رہے

جہلم: محکمہ صحت پنجاب کی عدم توجہی، عید الفطر کی چھٹیوں سے ایک روز قبل ہی سرکاری ہسپتال میں پردیسی ڈاکٹرز غیر حاضر، سرکاری ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو ڈاکٹرز نے زبردستی گھروں کو بھیجوا دیا، عید الفطر کی چھٹیوں پر ایمر جنسی کے علاوہ تمام آپریشن تھیٹرز غیر فعال ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں عیدالفطر کے موقع پر بیشتر سرکاری ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے ، ڈاکٹر ز نے مریضوں کو اپنے اپنے گھروں میں عید منانے کا سہانا سپنا دکھا کر ڈسچارج کردیئے ہیں جبکہ ایمر جنسی نوعیت کے کیسز کو ہنگامی بنیادوں پر ہسپتالوں کی ایمر جنسی تھیٹر ز میں آپریشن کیے گئے۔
محکمہ صحت ذرائع نے بتایا کہ عید سے ایک روز قبل ہی ہسپتال کے سینئرز ڈاکٹرز گھروں کو روانہ ہو گئے تھے جبکہ جونیئر ڈاکٹرز کو مریضوں کو چیک کرنے اور ڈسچارج کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں سے درجنوں کی تعداد میں مریضوں کو گھر بھیجوایا گیا۔
دوسری جانب ڈاکٹرز اور ہسپتال سربراہان کا کہنا ہے کہ ایسے مریض جن کے آپریشن کی باری عید کے بعد ہے یا پھر وہ ڈسچارج ہونے والے ہوں تو ان کو گھروں میں جانے دیا جاتا ہے اور صرف پینل کے مشورے کے بعد اجازت ملتی ہے تشویشناک مریضوں کو چھٹی نہیں دی گئی بلکہ وہ آج بھی وارڈز میں داخل ہیں ۔



