جہلم میں شوہر ہارٹ اٹیک سے جاں بحق، اہلیہ نے صدمے میں زہریلی دوا پی لی

جہلم میں شوہر کے ہارٹ اٹیک سے جاں بحق ہونے کے بعد اہلیہ نے صدمے میں زہریلی دوا پی لی۔ دونوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں روہتاس روڈ پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص ہارٹ اٹیک کے باعث جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی اہلیہ صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر کیڑے مار اسپرے پی لیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاں بحق شخص اور متاثرہ خاتون کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق خاتون کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ واقعہ سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی یا ذہنی دباؤ کی صورت میں فوری مدد حاصل کریں اور زہریلی اشیاء کو محفوظ جگہ پر رکھیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔



