پنڈدادنخان میں محکمہ صحت کی اہم کارروائی، غیر قانونی دواخانہ سیل

پنڈدادنخان: محکمہ صحت نے عثمانیہ بازار میں کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر قانونی دواخانہ سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر انجم قدیر نے عثمانیہ مین بازار کا دورہ کیا، جہاں ایک دوا خانے کے معائنہ کے دوران متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ دواخانہ میں کسی قسم کا طبی اجازت نامہ موجود نہیں تھا جبکہ حکیم امجد سلیم بغیر لائسنس مریضوں کا معائنہ کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق موقع پر کوئی مستند رجسٹریشن یا لائسنس پیش نہ کیا جا سکا، جبکہ ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء ایک ہی فریج میں رکھنا بھی صحت کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی پایا گیا۔
ان خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ صحت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دواخانہ کو سیل کر دیا۔
سماجی و فلاحی حلقوں نے اس بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے غیر قانونی مراکز کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



