پنڈدادنخان میں سی سی ڈی ٹیم پر مسلح افراد کی فائرنگ، خطرناک اشتہاری ملزم زخمی حالت میں گرفتار

پنڈدادنخان میں سی سی ڈی اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے میں خطرناک اشتہاری ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق گزشتہ روز کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ٹیم نے جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ جلالپور کے علاقہ سگھر پور روڈ پر دوران ناکہ بندی مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی اور سگھر پور کی طرف فرار ہونے لگے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی ٹیم نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کا پیچھا کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا جس کی شناخت محمد آصف عرف آصو ولد عامر علی سکنہ منڈی بہاؤالدین کے نام سے ہوئی جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال پنڈدادنخان منتقل کیا گیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف قتل، اقدام قتل، ناجائز اسلحہ، ڈکیتی اور چوری کے متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ وہ قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں اشتہاری مجرم بھی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے اور ضلع کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button