بلند و بالا عمارتوں میں فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی، 2 ریسٹورنٹس سیل

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے سٹی ہاؤسنگ جہلم میں واقع 5 بلند و بالا عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس کارروائی کے دوران عمارتوں کے منظور شدہ نقشہ جات اور آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات (فائر سیفٹی کوڈز) کا بغور جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران تعمیراتی قوانین اور فائر سیفٹی کوڈز کی سنگین خلاف ورزی ثابت ہونے پر 2 ریسٹورنٹس کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی غیر قانونی تعمیر یا حفاظتی انتظامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ بلند و بالا عمارتوں میں حفاظتی قوانین پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور بلڈنگ کوڈز اور فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔



