ضلع جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں ٹھیکیداروں اور بااثر افراد کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں تعمیراتی منصوبوں میں ٹھیکیداروں اور بااثر افراد کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ناقص ترین میٹریل کے استعمال کے باعث منصوبے اپنی افادیت کھونے لگے ہیں اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ضلع بھر میں سڑکوں، سرکاری دفاتر اور دیگر تعمیراتی منصوبوں پر جاری کام معیار کے اعتبار سے انتہائی ناقص ثابت ہو رہا ہے۔ منصوبے مکمل ہونے سے پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چیک اینڈ بیلنس کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے اور متعلقہ محکمے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کے مطابق بااثر ٹھیکیدار تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں جبکہ قومی خزانہ کروڑوں روپے کے نقصان سے دوچار ہو رہا ہے۔ عوام نے الزام لگایا ہے کہ محکمہ بلڈنگ اور ڈپٹی کمشنر آفس کے افسران ٹھیکیداروں کے ناقص کام کو چیک کرنے کی ہمت نہیں رکھتے جس کے باعث بااثر مافیا کھلم کھلا من مانیاں کر رہا ہے۔
ضلع بھر کے شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور قومی خزانے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔



