جہلم: ٹریفک پولیس اہلکاروں کا عوام سے نامناسب رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈی ایس پی خرم ستی

جہلم: ڈی ایس پی ٹریفک پولیس ضلع جہلم خرم ستی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کا عوام سے نامناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کا بنیادی فرض عوام کو سہولیات فراہم کرنا اور نظامِ ٹریفک کو بہتر بنانا ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی خرم ستی نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور حضرات ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ سڑکوں پر حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ سے باز رکھیں، کیونکہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ ایک سنگین جرم اور انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے۔
خرم ستی نے واضح کیا کہ ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کی رہنمائی اخلاق کے دائرے میں رہ کر کریں۔ ایماندار اور فرض شناس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ "للِہ تا جہلم ڈبل کیرج وے” منصوبے کی تکمیل تک تمام ڈرائیورز کو ٹریفک روٹس اور متبادل راستوں کے بارے میں مکمل بریفنگ دی جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
انہوں نے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ ڈرائیونگ میں احتیاط اور قانون پر عملداری کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ یہ رویہ نہ صرف ان کی بلکہ دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے بھی ضروری ہے۔



