پنڈدادنخان میں چوروں کا راج، نامعلوم چور ایک ہی رات میں متعدد گھروں کا صفایا کر گئے

پنڈدادنخان میں چوروں کا راج، نامعلوم چور ایک ہی رات میں متعدد گھروں سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کر کے فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ للِہ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے عوام کی زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ ڈکیتیوں کے بعد اب چوری کی وارداتوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے لوگ نہ صرف مالی نقصان کا شکار ہو رہے ہیں بلکہ ذہنی دباؤ اور خوف و ہراس کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
کنڈل گاؤں میں چوروں کی منظم ٹیموں نے ایک ہی رات میں چار گھروں کو نشانہ بنایا۔ نامعلوم چور محمد کامران بھگیال کے گھر سے چور سونے کے زیورات، نئے کپڑے اور دیگر قیمتی اشیاء لے گئے۔ محمد سردار کے گھر کو بھی لوٹا گیا، جہاں سے سونے کے زیورات اور دیگر گھریلو سامان چوری کر لیا گیا۔
نامعلوم چور صوبیدار محمد انار کے گھر سے چور کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء چرا کر فرار ہو گئے۔ محسن ولد اعجاز کے گھر سے ایک صندوق اٹھایا گیا، جس میں موجود قیمتی سامان نکال لیا گیا اور خالی صندوق قریب ہی پھینک دیا گیا۔ چوروں کی جانب سے ایک اور گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی گئی، تاہم اس واردات کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
یاد رہے کہ حالیہ وارداتوں کے علاوہ اس علاقے میں جرائم کا سلسلہ پہلے سے جاری ہے۔ چند روز قبل احمد آباد کے گاؤں پنوار سے دو قیمتی گائیں چوری کی گئیں۔ کچھ عرصہ قبل منڈاھڑ گاؤں سے پانچ لاکھ روپے مالیت کے دو قیمتی بیل چوری کیے گئے تھے، جنہیں پولیس تاحال برآمد نہیں کر سکی۔
علاقے کے عوام ان وارداتوں سے سخت پریشان ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برت رہی ہے، جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔ اگر یہی صورتحال رہی تو وہ اپنے تحفظ کے لیے خود اقدامات کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
علاقہ مکینوں کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں پولیس کی گشت اور جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی کا فقدان ہے۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری طور پر مجرموں کو گرفتار کرے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔



