چوری کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم گرفتار، 8 لاکھ روپے نقدی برآمد

پنڈدادنخان : پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے قبضے سے نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری مجرم کو گرفتار کیا۔ ملزم سال 2024 سے تھانہ پنڈدادنخان پولیس کو چوری کے مقدمہ میں مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گیا تھا۔
پولیس نے جدید سائنٹیفک طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 8 لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔



