سوہاوہ: روہتاس انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج جھنگ چک میں سالانہ نتائج کی رنگا رنگ تقریب

سوہاوہ: روہتاس انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج جھنگ چک میں تعلیمی سال کے اختتام پر سالانہ نتائج کی ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، والدین، علاقائی عمائدین، تعلیمی شخصیات اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور ہدیۂ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ مہمانوں کی آمد پر اسکول انتظامیہ اور طلبہ نے پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور مہمانوں کو ہار پہنائے گئے۔
پروگرام میں قاسم محمود چوہدری، فیاض بٹ، پروفیسر شریف، ریٹائرڈ جنرل فرخ بشیر، احسن محمود چوہدری، نبیل احمد چوہدری، چوہدری عامر، مظاہر السلام، ریحان بھٹی، چوہدری تاثیر محمود، چوہدری وقاص مٹھین، ملک فیصل محمود کوہالی سمیت دیگر اہم سیاسی، سماجی، تعلیمی و کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب کی خاص بات ننھے منے بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے دلکش ٹیبلوز اور ملی نغمے تھے، جنہوں نے حاضرین کے دل جیت لیے اور خوب داد وصول کی۔
مختلف مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بچوں کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ روہتاس انٹرنیشنل اسکول علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں میڈلز اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے معزز مہمانوں اور تقریب کی کوریج کے لیے آنے والے صحافیوں کو بھی اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں تاکہ ان کی خدمات کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔



