آگ ہی لائی گئی آگ بجھانے کے لیے، ملک میں تعمیر کے نام پر تخریب ہو رہی ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ آگ ہی لائی گئی آگ بجھانے کے لیے، اس وقت وطن عزیز میں تعمیر کے نام پر تخریب ہو رہی ہے۔

امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے دو روزہ ماہانہ روحانی اجتماع کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک جو لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہمارے اجداد نے یہ قربانیاں دیں، اپنی عزتیں قربان کیں۔ آج ہم اس ملک کو اُدھیڑنے میں کیوں لگے ہیں۔ اس کا نظام اُکھیڑنے میں کیوں لگے ہوئے ہیں۔ وہ وقت اپنے سامنے لائیں جب اس خطہ پر انگریز مسلط تھے اور مسلمان ان کے زیر تسلط تھے، اس وقت کے مظالم اور ان کے عدالتی فیصلوں کو دیکھیں تو پھر اس آزاد وطن کی قدر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا ملک ترقی نہیں کرے گا تو ہمیں وہ قوت بھی نصیب نہیں ہوگی جس سے ہم اپنا دفاع کر سکیں بجائے اس کے کہ ہم کہیں ظلم ہوتا ہوا دیکھیں اور اسے روکیں۔ یہ سب کہتے ہیں کہ یہ خرابی ہے اور اس کا حل کیا ہے؟لیکن سوال کرنے کے باوجود ہم عملی طور پر کچھ کرنا بھی نہیں چاہتے۔ ہمارے بیانات،تحاریر میں تو یہ بات ملتی ہے لیکن ہمارے کردار میں ہمارے عمل میں یہ نظر نہیں آتا کہ ہم اس خرابی کو دور کرنے کے لیے واقع مخلص بھی ہیں۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ہمارے کلام اور عمل میں بہت بڑا فرق نظر آتا ہے۔جب معاشرے کو دیکھتے ہیں تو ہمارے حالات بتاتے ہیں کہ ہمارے اندر انصاف نہیں ہے۔ ہمارے اندر کمزوری ہے ہمارے اندر دین پر عمل پیرا ہونے میں فقدان ہے۔اگر ہمارا ایمان مضبوط ہوتا تو اس معاشرے میں روشنی ہوتی یہ جو مخلوق جگہ جگہ ٹھوکریں کھا رہی ہے ایسا نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر میں مسلمانوں کے پاس کچھ نہیں تھا لیکن کامل ایمان کے ساتھ اللہ کے حکم پر نبی کریم ﷺ کی معیت میں میدان میں اتر گئے۔اللہ کریم نے ان کی غیبی مدد فرمائی اور فتح نصیب ہوئی۔آج بھی اگر مسلمان کا ایمان مضبوط ہوگا نبی کریم ﷺ کے اتباع میں زندگی بسر کرتا ہوگا۔ آج بھی اگر وسائل نہ بھی ہوں گے پھربھی اللہ کریم ایمان والوں کی مدد فرمائیں گے اور انہیں غالب فرمائیں گے اور فتح عطا فرمائیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خود کو ایمان والے ثابت تو کریں۔ہمارے کردار،ہمارے اعمال سے پتہ چلے کہ ہم محمد الرسول اللہ ﷺ کے غلام ہیں۔

یاد رہے کہ آج دارالعرفا ن منارہ میں دوروزہ ماہانہ اجتماع کے موقع پر ملک بھر سے سالکین سلسلہ عالیہ اپنی روحانی تربیت کے لیے تشریف لائے۔ امیر عبدالقدیر اعوان نے بیان کے بعد ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا بھی فرمائی۔

تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button