ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا مختلف سکولوں کا دورہ، تعلیمی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا

جہلم: گرمیوں کی طویل تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے کھلنے پر طلبہ و طالبات کو بہترین اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے مختلف سرکاری سکولوں کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی سکول، گورنمنٹ جونیئر ماڈل ہائی سکول بلال ٹاؤن اور گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول بلال ٹاؤن کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے کلاسز اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر متعلقہ سکول پرنسپلز نے انہیں گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی سلسلے کے آغاز کے لیے کیے گئے اقدامات، کلاس رومز کی صفائی، ضروری سہولیات کی بحالی اور نصابی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے مختلف کلاسز کا دورہ کر کے تدریسی ماحول اور سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کی تعلیم پر بھرپور توجہ دی جائے تاکہ آئندہ امتحانات بہترین انداز میں منعقد کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ ہمارا مستقبل ہیں، اس لیے انہیں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔



