پنجاب کے شہری، دیہی علاقوں میں صفائی ٹیکس کی وصولی شروع

جہلم: پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر اور مستحکم بنانے کے لیے نیا صفائی ٹیکس نافذ کر دیا گیا ہے، جس کی باقاعدہ وصولی یکم جولائی سے شروع ہو گئی ہے۔
یہ ٹیکس جہلم سمیت پنجاب کے تمام شہری اور دیہی علاقوں میں رہائشی اور تجارتی دونوں اقسام کی پراپرٹی پر لاگو ہوگا۔ حکومت کی جانب سے اس اقدام کا مقصد صفائی ستھرائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور بلدیاتی اداروں کو مالی طور پر خود کفیل بنانا ہے۔
نئے ٹیکس کے تحت دیہی علاقوں میں 3 سے 5 مرلہ کے گھروں پر ماہانہ 200 روپے اور 10 مرلہ یا اس سے بڑے گھروں پر 400 روپے ماہانہ ٹیکس عائد کیا گیا ہے، جب کہ چھوٹے کاروباری یونٹس کو 300 روپے، درمیانے کاروبار کو 700 روپے اور بڑی صنعتوں یا فیکٹریوں کو 1000 روپے ماہانہ صفائی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
شہری علاقوں میں اس ٹیکس کی شرح نسبتاً زیادہ رکھی گئی ہے۔ 5 مرلہ تک کے گھروں پر ماہانہ 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ پر 500 روپے، 10 مرلہ سے ایک کنال تک کے گھروں پر 1000 روپے، ایک سے تین کنال پر 2000 روپے اور تین کنال سے بڑے گھروں پر 5000 روپے ماہانہ صفائی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
اسی طرح تجارتی علاقوں میں دکانوں پر 500 روپے، درمیانے کاروبار پر 1000 روپے جبکہ بڑی صنعتوں، کاروباری مراکز اور فیکٹریوں پر 3000 روپے ماہانہ صفائی ٹیکس لاگو ہوگا۔ تاہم جہلم سمیت پنجاب بھر کی کچھی آبادیوں کے رہائشیوں کو اس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صفائی ٹیکس کی وصولی سے نہ صرف شہروں اور دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ بلدیاتی اداروں کو بھی ترقیاتی کاموں کے لیے درکار مالی وسائل میسر آئیں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تعاون کرتے ہوئے اس حکومتی اقدام کو کامیاب بنائیں تاکہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جا سکے۔



