متنازعہ زمین میں داخل ہو کر دھمکیاں دینے اور ہوائی فائرنگ کرنے والے 8 افراد گرفتار

سوہاوہ میں متنازعہ زمین میں داخل ہو کر مخالفین کو دھمکیاں دینے اور ہوائی فائرنگ کرنے والے 8 افراد گرفتار کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ میں متنازعہ زمین میں داخلے، دھمکیاں ملنے اور ہوائی فائرنگ کی اطلاع پکار 15 پر موصول ہونے پر ایس ایچ او سوہاوہ محمد عمران اور ٹیم نے بر وقت ایکشن لیتے ہوئے ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور نقص امن کا باعث بننے والے متحارب فریقین کے آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں شفقت، اسفند یار، واجد، سجاد، سفیر، شیر خان، فیض اور عزت اللہ شامل ہیں۔ شفقت قدیر سے رائفل 223 بور، اسفند یار سے پسٹل 30 بور جبکہ دیگر فریق کے ملزم عزت اللہ سے رائفل 223 بور ناجائز اسلحہ بر آمد کر لی گئیں۔
پولیس نے فریقین کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے اسلحہ ناجائز کے بھی مقدمات درج کر لئے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ قانون کی عملداری یقینی بناتے ہوئے نقص امن پیدا کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔



