جہلم میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوتے ہی برف کی قلت پیدا ہوگئی

جہلم شہر اور گرد و نواح میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوتے ہی برف کی قلت پیدا ہوگئی، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ تپتی دھوپ، گرم ہواؤں اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

سخت گرمی اور بجلی کی بار بار بندش کی وجہ سے برف کی پیداوار میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے باعث شہری دن بھر برف کی تلاش میں مارے مارے پھرتے دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری جانب گرمی کے باعث ٹھنڈے مشروبات کی طلب میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے ریڑھی ٹھیلوں اور لوڈر رکشوں پر مشروبات خریدنے والوں کا رش معمول بن چکا ہے۔

موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض برف فروشوں نے من مانے نرخ مقرر کر کے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تھوڑی مقدار میں برف لینے والے گاہکوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جبکہ بڑے خریداروں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ جیسے سبزی، فروٹ، گوشت اور دالوں کے سرکاری نرخ جاری کیے جاتے ہیں ویسے ہی برف کے بھی نرخ مقرر کیے جائیں، تاکہ غریب اور سفید پوش طبقہ ٹھنڈے پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم نہ رہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر نوٹس نہ لیا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button