سردی کی آمد، ضلع جہلم میں مویشی باڑوں کی تعمیر و مرمت شروع

جہلم: سردی کی آمد، ضلع بھر میں مویشی باڑوں کی تعمیر و مرمت شروع، کسانوں نے جاڑے کی آمد کے ساتھ مویشوں کے باڑے تیارکرنے شروع کردیے۔
تفصیلات کے مطابق چند سال قبل لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی جانب سے مال شماری کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں سینکڑوں سے زائد گائے، بھینس، بھیڑ، بکریاں، گدھے، گھوڑے، خچر و دیگر جانور پال رکھے ہیں۔
جانوروں کو گرمی میں دن کے اوقات میں سایہ اور رات کو کھلے آسمان تلے باندھا جاتا ہے لیکن سردی میں نمونیا، سردی سےبچانے کیلئے دن بھر دھوپ میں اوررات ہوتے ہی باڑوں میں شفٹ کر دیا جاتا ہے۔
موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی شہر سمیت ضلع بھر میں مویشی پال افرادنے مویشی باڑوں کی تعمیر و مرمت، باڑوں کے کھلےدروازوں کو عارضی طور پر بند کرنے کیلئےترپال، بوریوں ، ہیرس و دیگر اشیا کی خریداری شروع کر دی ہے۔
مویشی پال حضرات کا کہنا ہے کہ ابھی موسم درمیانہ ہے باڑوں میں باندھنے سے مویشی جلدی امراض کا شکار ہو سکتے ہیں، البتہ اگر بارش ہوئی تو دسمبر کے پہلے ہفتہ میں مویشیوں کو رات کے وقت باڑوں میں منتقل کیا جا سکے گا۔
لائیوسٹاک حکام کا کہنا ہے کہ باڑوں میں ہوا کیلئے روشن دان، ایگزاسٹ ضروری ہیں باڑے مکمل بند کرنے سے مویشیوں کے دم گھٹنے کا خدشہ لاحق ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



