جہلم میں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہری پریشان

جہلم: ملک کے مختلف شہروں میں ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کے باعث جہلم سمیت ضلع بھر میں چینی کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق مضافاتی علاقوں میں چینی 160 سے 165 روپے فی کلو جبکہ شہر میں 140 سے 150 روپے فی کلو کے حساب سے کھلے عام فروخت کی جا رہی ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی چینی دستیاب نہیں، حالانکہ وہاں چینی کی سرکاری قیمت 153 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر نہ چینی موجود ہے اور نہ ہی گھی، جس کی وجہ سے عوام بازار سے مہنگے داموں چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔ حکومتی زیر انتظام بازاروں میں چینی کی قیمت 130 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن فی کس صرف ایک کلو چینی ملنے کی شرط اور وہ بھی دفتری اوقات میں، عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی اور گھی کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائے، اور سرکاری نرخ پر چینی کی دستیابی کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔



