موجودہ حالات میں ممبران امن کمیٹی کا تعاون ناگزیر ہے۔ میر رضا اوزگن، شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیرِ صدارت ضلع امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عالمی منظرنامے اور ملکی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی اور ڈی پی او جہلم نے کہا کہ موجودہ حالات میں ممبرانِ امن کمیٹی کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرتی امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے علماء اور نمائندگان کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر کی سرکوبی اور امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ اور عوام کے درمیان مضبوط اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی سطح پر نقصِ امن کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ممبرانِ امن کمیٹی نے ضلع جہلم میں بھائی چارے، برداشت اور رواداری کے فروغ کے لیے انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ امن کے قیام کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔



