جہلم میں موٹرسائیکلیں چوری کرنے والے 3 ملزمان گرفتار، 9 موٹرسائیکلیں برآمد

جہلم میں موٹرسائیکلیں چوری کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر کے موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی پولیس جہلم اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان نوید مسیح اور عقیل کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے چوری شدہ 7 عدد موٹر سائیکلز برآمد کر لیے گئے۔
ایس ایچ او تھانہ صدر جہلم اور ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عرفان کو گرفتار کر لیا، ملزم سے چوری شدہ 2 موٹر سائیکل برآمد کر لیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چور جہلم میں شہریوں کی موٹرسائیکلیں چوری کرتے تھے، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو قیمتی اثاثہ جات سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، شہریوں کے جان مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔



