حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، کمشنر انجینئر عامر خٹک

جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں قائم کیتھ لیب کا تفصیلی معائنہ کیا اور دل کے امراض کے علاج کے لیے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے کمشنر راولپنڈی کو کیتھ لیب کی مجموعی کارکردگی، مریضوں کے اعداد و شمار اور فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر راولپنڈی نے کیتھ لیب کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں نصب جدید طبی آلات اور مشینری کو چیک کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دل کے مریضوں کو بروقت، معیاری اور بہترین علاج کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے، تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
انجینئر عامر خٹک نے اس موقع پر کہا کہ حکومتِ پنجاب عوام کو ان کی دہلیز پر جدید صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کیتھ لیب کے ڈاکٹرز اور عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
دورے کے اختتام پر کمشنر راولپنڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں کی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔



