دینہ میں غیر قانونی سگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، لاکھوں مالیت کا اسٹاک ضبط

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے سگریٹ کی غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا۔

رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے ایکسائز انسپکٹر اسد ہارون کے ہمراہ مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مختلف تجارتی مراکز کا معائنہ کیا، جہاں لوکل برانڈ اور امپورٹڈ سگریٹ کی غیر قانونی فروخت کی نشاندہی ہوئی۔

کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا غیر قانونی اسٹاک قبضے میں لے کر سیل کر دیا گیا، جبکہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر تیمور خان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں غیر قانونی تجارت کے خاتمے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں، اور اس سلسلے میں کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اپنے پیغام میں کہا کہ غیر قانونی اشیاء کی فروخت نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ یہ عوامی صحت کے لیے بھی خطرہ ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور کسی بھی بااثر شخص کو رعایت دیے بغیر قانون کی گرفت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ متعلقہ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button