جہلم میں انٹرنیٹ سروس کی بار بار بندش اور کم رفتار سے شہریوں، کاروباری طبقے اور دفاتر کو شدید مشکلات

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں انٹرنیٹ سروس کی بار بار بندش اور غیر معمولی حد تک کم سپیڈ نے شہریوں، کاروباری طبقے اور سرکاری و نجی دفاتر کے ملازمین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ بار بار کی تعطل اور کمزور سروس کی وجہ سے سرکاری امور، آن لائن کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ نہ صرف پی ٹی سی ایل کے ڈی ایس ایل کنکشن کی رفتار ناقابل برداشت حد تک کم ہو گئی ہے بلکہ موبائل فون انٹرنیٹ سروسز، خصوصاً تھری اور فور جی کی رفتار میں بھی خطرناک حد تک کمی آئی ہے۔ اس صورتحال سے تنگ آ کر متعدد صارفین نے پی ٹی سی ایل کے کنکشن منسوخ کروانا شروع کر دیے ہیں۔
کاروباری طبقے کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے انٹرنیٹ بلز ادا کر رہے ہیں، مگر اس کے باوجود انہیں دورِ جدید کے تقاضوں کے مطابق معیاری سروس فراہم نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ناقص سروس مہیا کرنے والے انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان کے خلاف سخت نوٹس لے اور ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں تاکہ صارفین کو بہتر اور تیز رفتار انٹرنیٹ سروس دستیاب ہو سکے۔
شہریوں اور کاروباری حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے انٹرنیٹ کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ عوام کو جدید دنیا کے ساتھ ہم آہنگ رکھا جا سکے۔



