شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے اقبال روڈ اور اولڈ جی ٹی روڈ کا دورہ کرتے ہوئے جاری سیوریج منصوبے اور صفائی مہم کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس کے ہمراہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ دورے کا مقصد شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور ستھرا پنجاب مہم پر عملدرآمد کا مشاہدہ کرنا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے اولڈ جی ٹی روڈ پر جاری سیوریج کے منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات کا فوری خاتمہ کیا جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ مون سون سیزن سے قبل نکاسی آب کے نظام کو مکمل اور مؤثر بنایا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہری زندگی متاثر نہ ہو۔
اس موقع پر میثم عباس نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت جاری صفائی کے عمل کا بھی معائنہ کیا اور مختلف مقامات پر صفائی کی صورتحال کا خود مشاہدہ کیا۔
انہوں نے صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ شہر کے تمام گلی محلوں میں صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ستھرا پنجاب مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے نبھائیں۔



