ضلع جہلم میں پولیس کے سرچ آپریشنز و ناکہ بندیاں، متعدد افراد اور مقامات کی چیکنگ، 3 افغان باشندے گرفتار

جہلم: پولیس نے ضلع بھر میں دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں، جن کے دوران سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع کے 15 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں 443 افراد، 181 گھروں اور 6 بس اسٹینڈز و ہوٹلز کی چیکنگ کی گئی۔ کارروائی کے دوران تھانہ دینہ کے علاقے سے 2 جبکہ تھانہ سوہاوہ کے علاقے سے ایک غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشنز دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، جبکہ ایسے اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
حکام کے مطابق بروقت اطلاع کسی بھی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے اور معاشرے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔



