جہلم کے شادی ہالز میں ون ڈش اور اوقات کی خلاف ورزی جاری، انتظامیہ خاموش

جہلم: ضلع بھر میں شادی ہالز اور مارکیز مالکان نے شادیوں کے سیزن میں زور و شور سے بکنگ اور پروگرامز کا انعقاد شروع کررکھا ہے۔
انتظامیہ کی چشم پوشی کی وجہ سے اوقات کار اور ون ڈش کی خلاف ورزی بھی زور وشور سے جاری ہے جس کی وجہ سے مالکان کے نخرے اور اضافی پیسے دینے پر شہری مجبور ہیں۔ شادی ہال و مار کی مالکان کی طرف سے ناقص میٹریل، مضر صحت کھانے، گندے برتن اور صفائی کا نظام ابتر ہے جس کو کوئی محکمہ پوچھنے والا نہیں۔
پنجاب حکومت کی طرف سے رات دس بجے اور ون ڈش کی پابندی کا مالکان بھرپور فائدہ اٹھارہے، اسی حکومتی پابندی کو بنیاد بنا ہزاروں لاکھوں روپے شہریوں سے اضافی وصول کرلیے جاتے ہیں۔
شہریوں نے وزیر اعلی مریم نوازشریف، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر جہلم اور پنجاب فوڈاتھارٹی سے مضر صحت کھانوں، رات دس بجے کے بعد جاری تقربیات اور ون ڈش کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائیاں کرنے اور میرج ہالز مارکیز سیل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔



