سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والا ملزم گرفتار

جہلم: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا، جس پر اس کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش نوجوان نسل میں منفی رجحانات کو فروغ دیتی ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button