جہلم میں ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی تجاوزات کے خلاف آپریشن، کسی کو رعایت نہ دینے کا اعلان

جہلم میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑا ایکشن، ڈپٹی کمشنر میثم عباس خود میدان میں آ گئے۔ شاندار چوک سے لے کر ٹاہلیانوالہ روڈ تک سڑک کے دونوں اطراف تجاوزات کے خلاف سخت آپریشن کیا گیا۔
ڈی سی جہلم نے واضح اعلان کیا کہ تجاوزات مافیا کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ شہر میں دوبارہ تجاوزات قائم ہونے کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی نگرانی کی۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ثانیہ صفی، اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمٰن اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے سی ای او میونسپل کارپوریشن مبارک علی کو ہدایت جاری کی کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت کے ساتھ شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں اور تجاوزات قائم کرنے والوں کو کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، دکانیں سیل کی جائیں، سامان ضبط کیا جائے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
موقع پر متعدد دکانداروں اور تاجروں سے ملاقات کرتے ہوئے ڈی سی میثم عباس نے انہیں سخت وارننگ دی کہ آئندہ اگر تجاوزات کی گئی تو سخت ترین کارروائی ہوگی اور کسی سفارش یا رعایت کی توقع نہ رکھی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ نہ صرف جہلم شہر بلکہ گردونواح کی سڑکوں اور تمام تحصیلوں میں بھی اسی رفتار سے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔



