امیر عبدالقدیر اعوان کی کامیاب روحانی تربیتی دورہ یو کے اور یورپ سے وطن واپسی

اسلام آباد: شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان اپنے سالانہ روحانی تربیتی دورہ برطانیہ و یورپ کی کامیاب تکمیل کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا، جہاں سلسلہ عالیہ کے سالکین، عقیدت مندوں اور احباب کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور مصافحہ کیا۔

روحانی تربیت پر مبنی اس دورے کے دوران امیر عبدالقدیر اعوان نے "سراجاً منیراً” کے عنوان کے تحت برطانیہ کے شہروں لندن، برمنگھم، مانچسٹر اور بریڈفورڈ سمیت ناروے کے شہر اوسلو، جرمنی کے میونخ، نیدرلینڈز کے دی ہیگ اور اسپین کے بارسلونا میں خصوصی خطابات کیے۔ ان پروگرامات میں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور روحانی فیض حاصل کیا۔

اپنے خطابات میں انہوں نے حضور نبی کریم ﷺ کی محبت، ان کی تعلیمات پر عمل اور اللہ کی رضا کے حصول کو مومن کی زندگی کا اصل مقصد قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کو اپنی زندگیوں میں اسلامی اقدار کو اپنانا چاہیے تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہو۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے مغربی دنیا کی ترقی کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی انہی اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ نماز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے اسے بندۂ مومن کی معراج قرار دیا اور کہا کہ یہی انسان کو روحانی سکون فراہم کرتی ہے۔

نوجوانوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ذکر الٰہی اور ذکر قلبی کی تربیت دی، جو انسان کو اللہ کی قربت اور روحانی ارتقاء کی جانب لے جاتی ہے۔

دورے کے دوران امیر عبدالقدیر اعوان نے مقامی مسلم کمیونٹی اور رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں امت مسلمہ کے اتحاد، فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت اور عالمی امن جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔ ان کے پیغامات نے مغرب میں مقیم مسلمانوں کے دلوں پر گہرا اثر ڈالا اور روحانی و اخلاقی تربیت کا نیا باب رقم کیا۔

یہ دورہ محبت، اتحاد، اور اللہ کی یاد کے پیغام کو عام کرنے کا مؤثر ذریعہ بنا، جس نے یورپ میں بسنے والی مسلم کمیونٹی کو ایک بار پھر دینِ اسلام کی اصل روح سے متعارف کرایا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button