جہلم میں سانحہ 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا

جہلم میں سانحہ 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا ہے، ریلی نکالی گئی، پاک فوج کے سربراء اور شہداء کی تصایروں پر پتیاں نچھاور کی گئیں، ملک کی سلامتی کےلیے دعا اور شہداء کےلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال نو مئی کو ملک بھر میں پیش آنے والے سانحہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کےلیے جہلم سے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چوہدری فرخ الطاف کی قیادت میں میجر محمد اکرم شہید کی یادگار تک ریلی نکالی گئی۔ سینکڑوں افراد ریلی میں شریک تھے۔
ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور تمام پاکستانی شہداء کےلیے دعائے خیر اور فاتحہ خوانی کی گئی، سپیشل ادارے کے بچوں نے شاندار چوک میں قومی پرچم اٹھا کر پاک فوج کے سربراء اور شہداء کی تصویروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کی محافظ، سلامتی اور تحفظ کی ضامن ہے۔ ملک دشمن عناصر 9 مئی کو پاک فوج کو کمزور کرکے اپنے ناکام مقاصد حاصل کرنا چاہتے تھے، جہلم شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے، ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو انتشاری ٹولے نے پاک فوج کی املاک اور شہداء کی یادگاروں کو نقصان پہنچا کر دہشت گردی کی ہے، ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔



