دینہ میں آٹے کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود روٹی اور نان کے نرخ برقرار، شہری سراپا احتجاج

دینہ میں آٹے کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود تندوروں میں روٹی اور نان کے نرخ کم نہ کیے گئے ہیں جس سے شہری شدید نالاں ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں روٹی 15 روپے اور نان 20 روپے کے حساب سے بدستور فروخت ہو رہا ہے، جبکہ عام لوگوں کی آمدنی محدود ہونے کے باعث یہ نرخ بہت بھاری پڑ رہے ہیں۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کوششوں کے باوجود تندور فروشوں کی جانب سے نرخ کم نہ کیے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد سے مطالبہ کیا ہے کہ روٹی اور نان کے مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔
مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ تندوروں کے باہر نرخوں کو واضح طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ ہر شخص آسانی سے معلوم کر سکے کہ روٹی اور نان کی قیمت کیا ہے اور کوئی ناجائز اضافے سے بچا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں یہ ضروری ہے کہ بنیادی ضروریات کی اشیاء عام آدمی کی پہنچ میں ہوں تاکہ غریب طبقہ بھی آسانی سے اپنی روزمرہ کی ضروریات پوری کر سکے۔



